اپرچترال: الخدمت فاؤنڈیشن اسکول (کیمپس بونی) کا شاندار افتتاح، معیاری تعلیم کے فروغ کا عزم
اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز) بونی، اپر چترال میں الخدمت فاؤنڈیشن اسکول (کیمپس بونی) کی باقاعدہ افتتاحی تقریب نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں سرکاری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حمید اللہ خان شامل تھے، جبکہ دیگر نمایاں شرکاء میں فضل محمود (صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی کے شمالی)، انور زیب خان، عبدالحق، قاری عبدالرحمن گجر، قاضی اخلاق الدین، امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن، صدر الخدمت اپر چترال عبدالرفیع، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جاوید حسین، پریذیڈنٹ اسماعیلیہ لوکل کونسل یوسف حیات اور تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان موجود تھے۔
یاد رہے کہ اسکول میں گزشتہ سال سے تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں، تاہم اس کا باضابطہ افتتاح اب کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے نعت، ملی نغمے، خاکے اور تقاریر پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ طلبہ نے اپنی تقاریر میں موسمیاتی تبدیلی، خواتین کی تعلیم، اور رضاکارانہ خدمات کی اہمیت جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
خطابات میں مقررین نے معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت اسکول ایسے بچوں کے لیے امید کی کرن ہے جو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ نہ صرف روایتی تعلیم بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل اسکلز کی فراہمی پر بھی توجہ دے گا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی نے تقریب کو سراہتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اسکول کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور رضاکارانہ طور پر طلبہ کو پڑھانے کی پیشکش کی۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی کے شمالی فضل محمود نے اپنے خطاب میں ادارے کی فلاحی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ الخدمت مختلف شعبوں میں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں الخدمت ڈائگناسٹک سنٹر، کمپیوٹر لیب اور دیگر فلاحی منصوبوں کے قیام کا عندیہ بھی دیا۔
تقریب کے اختتام پر مولانا حمید الرحمن کی دعا کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔


