پاکستان تحریک انصاف چترال کے زیراہتمام احتجاجی جلسہ، چترال کے منتخب رکن قومی اسمبلی عبد الطیف کی فوری رہائی کا مطالبہ
۔
چترال (نمائند ہ چترال ٹائمز ) پاکستان تحریک انصاف چترال نے ایک بڑے عوامی اجتماع اور ریلی کے ذریعے اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حلقہ این اے- 1 سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کی اڈیالہ جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے چترال سے اسلام آباد کے ڈی چوک تک لانگ مارچ کریں گے۔اس سلسلے میں سینکڑوں کارکنوں نے ایک بڑی ریلی نکالی جو اتالیق پل کے قریب بائی پاس چوک پر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور قیدی ایم این اے کے بھائی عبدالرزاق نے کہا کہ ان کے بھائی کو 9 مئی کے واقعات کی آڑ میں بوگس ایف آئی آر کے تحت قید رکھا گیا ہے، حالانکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ عبداللطیف کو وفاداری بدلنے کے لیے بھاری رقوم کی پیشکش کی گئی اور دباؤ ڈالا گیا، لیکن انہوں نے چترال کی غیرت اور اپنے نظریے کا سودا نہیں کیا۔عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ ”عبداللطیف پورے چترال کا فخر ہیں، وہ ایک پڑھے لکھے اور حالاتِ حاضرہ پر گہری نظر رکھنے والے لیڈر ہیں جو قومی اتحاد کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔” انہوں نے چترال کے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر پارٹی رہنماؤں رضیۃ باللہ، حاجی شفیق الرحمن، حاجی سلطان، شاہد احمد اور ثمین خان نے کہا کہ عبداللطیف 63 ہزار ووٹروں کے نمائندے ہیں اور انہیں جیل میں رکھنا چترال کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔ تجار یونین کے صدر نور احمد خان نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔مقررین نے واضح کیا کہ اگر عبداللطیف کو جلد رہا نہ کیا گیا تو چترال سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کر دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور حکمرانوں پر ہوگی.


