چترال میں یومِ مزدور پر منفرد تقریب، محنت کشوں کے اعزاز میں ظہرانہ اور کیک کاٹنے کی تقریب
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں قائم اپنی نوعیت کے پہلے ادارے حمیدہ ایجوکیشن اینڈ بورڈنگ اکیڈمی میں عالمی یومِ مزدور کے موقع پر گزشتہ برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی ایک پروقار تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چترال بازار سے تعلق رکھنے والے درجنوں ریڑھی بان محنت کشوں کے ساتھ علاقے کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اکیڈمی کے منتظمین عمادالدین، شہزادہ مدثر الملک اور دیگر کی میزبانی میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد محنت کش طبقے کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر محنت کشوں نے بھرپور شرکت کر کے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ مزدور دراصل انہی محنتی افراد کے لیے وقف دن ہے۔ تقریب میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ کیک بھی محنت کشوں کے ہاتھوں سے کاٹا گیا، جو اس تقریب کا خاص پہلو تھا۔
اس سے قبل جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عتیق نے یومِ مزدور کی اہمیت اور محنت کشوں کی عظمت پر جامع اور مدلل بیان پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر مزدور رہنماؤں نے حمیدہ ایجوکیشن اینڈ بورڈنگ اکیڈمی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔


