کالاش قبیلے کی سالانہ مذہبی تہوار چیلم جوشٹ کی انعقاد کیلئے انتظامات کا جائزہ اجلاس، سیکیورٹی و سہولیات کو یقینی بنانے کا فیصلہ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے قدیم تہذیب کا حامل کالاش قبیلے کی سہ روزہ مذہبی تہوار چیلم جوشٹ (جوشی) کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راؤ ہاشم عظیم نے کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج،کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر فیسٹیول کی تیاریوں، سیکیورٹی انتظامات، سیاحوں کی سہولیات، ٹریفک و پارکنگ پلان، روڈ انفراسٹرکچر، پرائس مانیٹرنگ ڈیسک اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کیلاش کمیونٹی کی مذہبی و ثقافتی روایات کا مکمل احترام کرتے ہوئے چیلم جوشی فیسٹیول کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، تاکہ نہ صرف مقامی سطح پر بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی مزید فروغ حاصل ہو۔ یادرہے کہ کالاش قبیلے کی مشہور تین روزہ مذہبی تہوار چیلم جوشٹ 14 مئی سے شروع ہوکر 16 مئی کو اختتام پذیر ہوگی ۔

