طلبہ تنظیموں کا سڑکوں کی خستہ حالی پر اظہارِ تشویش، کام نہ شروع ہوا تو احتجاج کی وارننگ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال یونیورسٹی کے طلبہ کے نمائندہ وفد اور مختلف طلبہ تنظیموں نے چترال کی اہم شاہراہوں، خصوصاً چترال-مستوج روڈ اور یونیورسٹی روڈ کی ابتر حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے طلبہ، سیاحت اور معیشت کے لیے سنگین مسئلہ قرار دیا ہے۔
چترال پریس کلب میں گفتگو کے دوران انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن، اسلامی جمعیت طلبہ اور دیگر طلبہ تنظیموں کے نمائندگان نے کہا کہ سڑکوں کی خراب حالت کے باعث طلبہ کو روزانہ آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا جائے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چترال کے سینئر رہنما اور وی سی سنگور کے چیئرمین امین الرحمن شاہ میر نے بھی طلبہ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چترال-مستوج روڈ کی خستہ حالی نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں بلکہ معاشی نظام کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرم چشمہ ویلی کی زرعی پیداوار بروقت منڈیوں تک نہ پہنچنے کے باعث کاشتکاروں کو نقصان ہو رہا ہے، جبکہ مریضوں، طلبہ اور عام شہریوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خستہ حال سڑکیں مستقبل میں سی پیک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ممکنہ تجارتی روابط کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔
امین الرحمن شاہ میر نے بتایا کہ رکن صوبائی اسمبلی مہتر فاتح الملک سے رابطے اور ڈپٹی کمشنر چترال سے ملاقات کے بعد یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ متعلقہ سڑک پر اتوار سے کام شروع کیا جائے گا، جس کے بعد انہوں نے احتجاجی تحریک اتوار تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے چیو پل کے قریب طلبہ کے لیے انتظار گاہ تعمیر کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اتوار کو کام کا آغاز نہ ہوا تو چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس کے ذریعے باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
اس سے قبل یونیورسٹی آف چترال کی مختلف طلبہ تنظیموں کے سربراہان نے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ، صدر انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن، صدر چترال اسٹوڈنٹس سوسائٹی، صدر چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر سوسائٹی سمیت دیگر نمائندگان شریک تھے۔
طلبہ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو یونیورسٹی روڈ کی خستہ حالی سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے این ایچ اے کے ڈائریکٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 اپریل کو این ایچ اے حکام روڈ کا معائنہ کریں گے اور جلد از جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے چیو پل کے مقام پر طلبہ و طالبات کے لیے انتظار گاہ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا، جسے طلبہ نے سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام جلد عملی اقدامات یقینی بنائیں گے۔
