آغا خان یوتھ اینڈ سپورٹس بورڈ اپر چترال کے زیرِ اہتمام بوائز سکاؤٹس کیمپورل تربیتی کیمپ اختتام پذیر، نوجوانوں کو مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب
.
اپر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان یوتھ اینڈ سپورٹس بورڈ اپر چترال کے زیرِ اہتمام ریجنل اور لوکل کونسلز سے منتخب نوجوانوں (بوائز سکاؤٹس) کے لیے منعقدہ تین روزہ تربیتی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔
کاغلشٹ کے سبزہ زار میں منعقدہ اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حمید اللہ، ودیگر افسران کے علاوہ اسماعیلی کونسل کے صدر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
تربیتی سیشنز کے دوران نوجوانوں کو ذہنی صحت، منشیات کے مضر اثرات، ٹریفک قوانین، کاروباری مواقع، شجرکاری، ماحول دوستی اور کلین اینڈ گرین اقدامات کے حوالے سے آگاہی دی گئی، تاکہ ان میں ذمہ دار شہری بننے کا شعور اجاگر ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے نوجوانوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور شجرکاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔
اسماعیلی کونسل کے صدر نے کیمپ کے اغراض و مقاصد اور اس کے مثبت نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔
آخر میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

