یونیورسٹی آف چترال کے طلبہ کا مشترکہ اجلاس، یونیورسٹی روڈ کی ابتر حالت پر شدید تشویش، احتجاج کی دھمکی
۔
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) یونیورسٹی آف چترال میں بدھ کے روز مختلف طلبہ تنظیمات کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی روڈ کی انتہائی خستہ اور ابتر حالت پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں طلبہ و طالبات نے اس اہم مسئلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ گزشتہ کافی عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر طلبہ کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ متاثر ہوتی ہے بلکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
طلبہ نمائندگان نے متعلقہ حکام سے پُرزور مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی روڈ کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو طلبہ مجبوراََ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، جس میں احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں شریک مختلف طلبہ تنظیمات کے نمائندگان نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اسلامی جمعیت طلبہ، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن، چترال اسٹوڈنٹس سوسائٹی، چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر سوسائٹی، یوتھ امپاورمنٹ کلب اور کیلاش اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

