چترال کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات میں شامل رہی، اختلافات کے بجائے اتحاد کو فروغ دیا جائے: شہزادہ افتخار الدین
.
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں چترال میں نمایاں ترقیاتی کام ہوئے، جن میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع، بجلی کے منصوبوں کا آغاز اور ترسیلی نظام میں بہتری شامل ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ چترال کی ترقی ہمیشہ پارٹی کی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کے دورۂ چترال کے دوران دانش اسکول کا افتتاح اور مختلف منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جانا ترقیاتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ترقیاتی کاوشوں کے پیچھے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام کی مسلسل محنت، ذاتی دلچسپی اور مؤثر کردار نمایاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواری ٹنل، گولین گول پن بجلی منصوبہ، گیس فراہمی اور لواری رسائی سڑک جیسے اہم منصوبوں میں امیر مقام کی خصوصی توجہ اور وفاقی حکومت کے ساتھ مضبوط روابط کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ چترال کے مسائل کو وفاقی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی ان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ حکومت نے وسائل کی منصفانہ تقسیم میں میرٹ کو ترجیح دے کر اداروں کے استحکام اور عوامی اعتماد کو فروغ دیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور قومی سلامتی و سفارتی محاذ پر حاصل کامیابیاں پاکستان کے وقار میں اضافہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقامی حلقوں میں غیر ضروری اختلافات کو ہوا دی جا رہی ہے، جو جماعت اور عوام دونوں کے مفاد کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کا سفر اتحاد اور ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے۔
آخر میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مقامی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر سنجیدہ مکالمے کو فروغ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپر اور لوئر چترال کی قیادت و کارکنان کے ہمراہ جلد امیر مقام سے ملاقات کی جائے گی، جس میں کارکنوں کے مسائل اور مطالبات پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے گا، کیونکہ افہام و تفہیم ہی پائیدار حل کا راستہ ہے۔

