لوئر چترال؛ ذہنی صحت اور صنفی تشدد کے متاثرین کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کردیا
.
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلع لوئر چترال میں ذہنی صحت اور صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی“مینٹل ہیلتھ اینڈ جی بی وی ڈیسک”قائم کر دیا گیا ہے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ڈیسک محکمہ سماجی بہبود، اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن امپاورمنٹ خیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے قائم کیا ہے، جس کا مقصد ذہنی دباؤ، نفسیاتی مسائل اور صنفی تشدد کا شکار افراد کو فوری معاونت، رہنمائی اور متعلقہ اداروں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس سہولت کے تحت آگاہی، فوری معاونت، کونسلنگ، ریفرل سروسز اور متاثرین کی بحالی جیسے اقدامات شامل ہیں، تاکہ ضرورت مند افراد کو ایک ہی جگہ پر جامع سہولیات میسر آ سکیں۔
افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کہا کہ ذہنی صحت اور کمزور طبقات کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس ڈیسک کے ذریعے متاثرہ افراد کو بروقت اور مؤثر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر خضر حیات، دیگر سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

