چترال: کردار سازی پر مبنی نصاب ’’روشت استاری‘‘ کی تقریبِ رونمائی، آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن کی بطور مہمان خصوصی شرکت، منتظمین کی کاوشوں کو سراہا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی خصوصی کاوش اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم کے وژن کے تحت کردار سازی پر مبنی نصاب “روشت استاری” (چمکتا ستارہ) کی تقریبِ رونمائی ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی/آر پی او ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان عبدالمجید، ڈی پی او رفعت اللہ خان، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، ڈپٹی وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ، پرنسپل ڈگری کالج عبدالکریم، اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد، حاجی مغفرت شاہ، قاری جمال عبدالناصر، ڈی ای او ایجوکیشن (فیمیل) مہروالنساء، ڈی ڈی او محکمہ تعلیم مقدس، رضیت باللہ، امیر جماعت اسلامی وجہہ الدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ “روشت استاری” کی تیاری میں شامل تمام افراد خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لا کر اس اہم کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے چترالی ہونے پر فخر ہے کیونکہ یہاں کے لوگ محبِ وطن اور اپنے محسنوں کو یاد رکھنے والے ہیں۔ انہوں نے 1980ء کی دہائی میں سابق ڈپٹی کمشنر جاوید مجید کی جانب سے قائم کیے گئے تعلیمی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نصاب بچوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرے گا، جس کی بنیاد حضور اکرم ﷺ کی اخلاقی تعلیمات، مقامی ثقافت اور معاشرتی اقدار پر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نصاب کا مقصد طلبہ میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، استقامت، ذہانت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “روشت استاری” نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ طلبہ کی اخلاقی و سماجی تربیت میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا۔جبکہ نصاب ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں باقاعدہ طور پر شامل کر دیا گیا ہے۔
دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ اور والدین کے لیے بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے، جس میں ہر سبق کے ساتھ واضح تعلیمی مقاصد، اساتذہ کے لیے رہنمائی اور عملی سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں تاکہ طلبہ ان اقدار کو اپنی عملی زندگی میں اپنا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں نے افتتاحی کیک کاٹا جبکہ سنٹیل ہائی سکول چترال کے طلبہ نے کھوار زبان میں ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب کی نظامت نوجوان ماہرِ تعلیم عالمگیر بخاری اور ڈائریکٹر شہید اسامہ وڑائچ کیریئر اکیڈمی چترال فدا الرحمن فدا نے انجام دی۔


