عشریت روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ، دو طالب علم جان بحق جبکہ تین زخمی ، بچے سکول سے چھٹی ہوکر گھر جارہے تھے
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سے پشاور جاتے ہوئے عشریت کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک اور بچہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دروش میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹرک میں کل پانچ بچے سوار تھے۔ حادثے میں تین بچے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دروش منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق عشریت سے تعلق رکھنے والے جاں بحق اور زخمی بچے سکول سے چھٹی ہو کر واپس گھروں کو جا رہے تھے کہ راستے میں اسی بدقسمت ٹرک میں سوار ہوگئے تھے۔
حادثے کی وجہ فلحال معلوم نہ ہوسکی تاہم بعض زرائع کے مطابق بارش کے بعد سڑک کی خرابی اور پھسلن کی وجہ سے گاڑی ڈرائیور سے بے قابوہونے کی اطلاعات ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عشریت روڈ پر حفاظتی اقدامات اور ڈرائیوروں کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔


