خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی
۔
اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 05 اپریل کو بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوا ہے اور یہ 09 اپریل تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر ملک کے مختلف حصوں میں بارش، تیز ہوائیں، آندھی، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں چاغی، دالبندین، خاران، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، خضدار، بارکھان، مستونگ، سبی، کوہلو، نصیر آباد اور لورالائی میں 07 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسی دوران پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران ساحلی علاقوں (گوادر، پسنی، اورماڑہ) اور لسبیلہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں 06 سے 09 اپریل کے دوران بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ 07 اور 08 اپریل کے دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور اور ساہیوال میں 06 اپریل کی شام یا رات سے 09 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، بھکر، لیہ، ملتان اور خانیوال میں 06 اور 07 اپریل کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے علاقوں سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ دادو، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور کراچی میں 06 اپریل کو ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 05 اپریل کی رات سے 09 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی اسی دوران بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی سلسلے کے دوران درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے اور بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے۔
تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ کسانوں کو اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ 09 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے جس کے بعد موسم بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے۔
