کاغلشٹ میں خصوصی صفائی مہم کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی انتطامیہ کے افسران کی مہم میں بھر پورشرکت، سیاحوں سے گندگی نہ پھیلانے کی اپیل
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیرِ اہتمام کاغلشٹ میں ایک بڑی صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی، فنانس آفیسر فرحانہ حیات، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ، تحصیل میونسپل آفیسر مستوج، موڑکہو تورکہو، تحصیلدار مستوج، پلاننگ آفیسر، چیپس کے چیئرمین، جعفر دوست، چیئرمین ویلج کونسل بونی 1 اور بونی 2، محکمہ پولیس، محکمہ لیویز، مختلف اداروں کے نمائندگان، سول ڈیفنس، اسماعیلی کونسل کے سکالرز، ٹی ایم اے عملہ اور مقامی نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صفائی نہ صرف ایمان کا حصہ ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، محلوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر سیاحوں اور کاغلشٹ میں سیر سپاٹے کیلئے آنے والے مقافی افراد سے اپیل کی کہ کاغلشٹ میڈو کی خوبصورتی کو بحال رکھنے کیلئے یہاں کوڑا کرکٹ پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کاغلشٹ جیسے خوبصورت سیاحتی مقام کو صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے والے سیاح علاقے کے ماحول اور طرزِ زندگی سے مثبت تاثر لے کر جائیں۔
مزید برآں انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہر فرد کو کم از کم ایک پودا لگانے کی ترغیب دی۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی مہم میں تعاون پر ٹی ایم اے مستوج اور موڑکہو/تورکہو اور یوتھ آفیس کے کردار کو سراہا اور ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے دیگر افسران اور رضاکاروں کے ہمراہ صفائی مہم میں عملی طور پر بھی حصہ لیا۔


