اپرچترال: آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث علاقے کےعوام میں تشویش، انتظامیہ کی طرف خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی کی زیر صدارت آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بونی میں منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فرمان ولی، تحصیل میونسپل آفیسر مستوج، مصباح الدی، تحصیل میونسپل آفیسر موڑکہو/تورکہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ اجلاس کا مقصد آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث راہگیروں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو کاٹنے کے واقعات اور اس سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔
اجلاس میں طے پایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز کل سے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ٹی ایم اے مستوج کے سینیٹری ورکرز آوارہ کتوں کو پکڑ کر ویٹرنری سنٹر بونی منتقل کریں گے، جہاں محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹرز ان کی ویکسینیشن اور نیوٹرنگ کریں گے۔
حکام کے مطابق یہ مہم اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک تمام آوارہ کتوں کو کور نہیں کیا جاتا، تاکہ عوام کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے

