اپر چترال میں افغان مہاجرین کے انخلاء کے حوالے سے اہم اجلاس، 30 مارچ تک تمام مہاجرین کی انخلا یقین بنانے کی ہدایت
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلع اپر چترال میں مقیم باقی ماندہ افغان مہاجرین کے انخلاء کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) معظم خان بنگش کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی، پلاننگ آفیسر شمشیر علی خان، ایس ایچ او تھانہ بونی اور افغان مہاجرین انخلاء کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع میں اب تک واپس جانے والے افغان مہاجرین اور باقی ماندہ افراد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت بہت کم تعداد میں افغان مہاجرین باقی رہ گئے ہیں جن کا انخلاء ابھی ہونا باقی ہے۔
باہمی مشاورت کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے ہدایت جاری کی کہ رہ جانے والے افغان مہاجرین کا انخلاء 30 مارچ (پیر) تک ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع میں کوئی بھی غیر قانونی مہاجر باقی نہ رہے۔
مزید برآں محکمہ پولیس اور ریونیو اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری عملی اقدامات شروع کریں اور مہاجرین کی باقاعدہ روانگی کو یقینی بناتے ہوئے ان کی مکمل تفصیلات اور تصاویر افغان مہاجرین انخلاء کمیٹی کے سامنے پیش کریں۔
