محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے میٹرک سالانہ امتحانات کی شفاف انعقاد کیلئے مانیٹرنگ سکواڈ تشکیل دیدیا
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے صوبہ بھر میں ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے شفاف اور مؤثر انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھا ئے ہیں۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے ایک مانیٹرنگ سکواڈ تشکیل دیا ہے، جس میں ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈی ایم اوز، ڈی سی ایم ایز اور کمپیوٹر آپریٹرز شامل ہوں گے۔ یہ سکواڈ امتحانی عمل کی آزادانہ نگرانی اور جانچ کرے گا۔امتحانات سے قبل مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور امتحانات کے دوران اچانک دورے کیے جائیں گے،
امتحانی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس ایپ کے ذریعے متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں گی اور امتحانی عمل مکمل ہونے پر جامع رپورٹ پیش کی جائے گی۔مزید برآں، تمام مانیٹرنگ رپورٹس کو مرکزی ڈیش بورڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، جس سے شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ان اقدامات سے صوبے میں امتحانی نظام کو شفاف، منظم اور نقل سے پاک بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔
