خیبر پختونخوا میں احساس شجرکاری مہم کا آغاز، دو کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر، وزیراعلیٰ نے پودا لگاکر مہم کا آغاز کیا
پشاور (نمائندہ چترال تائمز ) عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پودا لگا کر احساسِ شجر مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت عید کے تیسرے دن یعنی 23 مارچ یومِ پاکستان کو ایک دن میں 10 لاکھ پودے لگانے کی مہم شروع کی گئ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان اور عید کے پرمسرت موقع پر ایک تاریخی اور ریکارڈ شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے، جس کے تحت ایک ہی دن میں سرکاری سطح پر 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ عوام بھی اپنی سطح پر اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے کے جنگلاتی رقبے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، حکومت اپنے ماحول، مستقبل اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے نہایت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر جنگلات کا فروغ اور ان کا تحفظ ناگزیر ہو چکا ہے، اس سلسلے میں کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش موجود نہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس قومی مقصد کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کو بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ محمد سہیل آفریدی نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، سرسبز اور شاداب ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر متعلقہ حکام کی طرف سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں مہم کے تحت صوبے کے 285 مختلف مقامات پر بیک وقت شجرکاری سرگرمیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں تمام انتظامات پہلے سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ مہم کی مو ثر نگرانی کے لیے جدید ویب پورٹل اور مرکزی کنٹرول سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ جنگلات میں بھی مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے مہم کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پودے لگا کر اس قومی مہم کا حصہ بنیں اور اپنی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز ویب پورٹل پر شیئر کریں تاکہ اجتماعی کوششوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت اس مہم کے تسلسل کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں 14 اگست کے موقع پر 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ شجرکاری کے عمل کو مزید وسعت دے کر ایک سرسبز اور محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
۔
۔
سال 2026 کے دوران صوبہ بھر میں دو کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبر پختونخوا میں احساس شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ آغاز سابق وزیرِاعظم عمران خان کے وژن اور صوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام حکومت کے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، سہیل خان آفریدی نے سال 2026 کے دوران صوبہ بھر میں دو کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ مہم بلین ٹری سونامی منصوبے کا تسلسل ہے، جس کا مقصد جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔
صوبائی وزیر صحت، خلیق الرحمان نے اس مہم کا باقاعدہ افتتاح گاؤں جاروبہ، ضلع نوشہرہ میں شجرکاری مہم میں شرکت کر کے کیا، جہاں 15 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز ہوا، جس کے پہلے ہی دن دس لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، جبکہ یہ مہم پورے سال جاری رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی، امن و امان، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا ہے، تاہم ان میں موسمیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کل جنگلات کے رقبے کا تقریباً 26 فیصد حصہ ہے، جس میں سے 40 فیصد خیبر پختونخوا میں واقع ہے، جو صوبے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، خصوصاً پہاڑوں اور پانی سے مالا مال ہے، جن سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جا سکتی ہے۔ حالیہ برسوں میں صوبے کو شدید بارشوں، سیلاب اور مٹی کے کٹاؤ جیسے مسائل کا سامنا بھی رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
خلیق الرحمان نے عوام، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ پودے پروان چڑھ کر ماحول کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنا سکیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اجتماعی کوششیں خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کو سرسبز، صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

