اپر چترال: موڑکھو میں افسوسناک واقعہ، دو سگی بہنیں دریا میں ڈوب گئیں، ایک کی لاش برآمد، دوسری کی تلاش جاری
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز )اپر چترال کے علاقے علی آباد موڑکھو میں عید کے روز ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو کمسن سگی بہنیں دریائے موڑکھو کے کنارے کھیلتے ہوئے دریا میں گر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا میں گرنے والی دونوں بچیاں بشارت خان کی بیٹیاں تھیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ مقامی افراد کی مدد سے ایک بچی مریم (عمر 6 سال) کی لاش موقع سے ہی نکال لی گئی، جبکہ دوسری بچی (عمر تقریباً3 سال) کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ریسکیو 1122 اپر چترال کی ٹیم گزشتہ روز سے مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہے، جبکہ ریسکیو 1122 لوئر چترال کی اضافی ٹیمیں بھی اس آپریشن میں شامل ہو چکی ہیں۔ دریائے چترال کے مختلف مقامات پر تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال دوسری بچی کی لاش کا سراغ نہیں مل سکا۔
ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مقامی رضاکار بھی تلاش کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔


