صدر مملکت نے اہم ترمیمی بلز، تقرری، سول اعزازات، سزاؤں میں خصوصی کمی کی منظوری دیدی
اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے متعدد قانون سازی کے اقدامات کی منظوری دے دی ہے جن کے ساتھ تقرری، سول اعزازات کی منظوری اور سزاؤں میں خصوصی کمی بھی شامل ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق منظور کئے گئے قانون سازی کے اقدامات میں پاکستان شہریت (ترمیمی) بل2026، اخباری ملازمین (شرائطِ ملازمت) (ترمیمی) بل 2026، زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2026، نیشنل آرکائیوز (ترمیمی) بل 2026، پاکستان نام و علامات (روک تھام و غیر مجاز استعمال) (ترمیمی) بل2026، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل2026، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد بل 2026 شامل ہیں۔ صدرِ مملکت نے بلوچستان کے کوٹہ کے تحت اعزاز اسلم ڈار کی بطور رکن فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) تقرری کی بھی منظوری دے دی ہے۔ صدرِ مملکت نے پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دینے کی منظوری بھی دی ہے۔ صدرِ مملکت نے عیدالفطر اور یومِ پاکستان 2026 کے موقع پر سزاؤں میں خصوصی کمی کی بھی منظوری دی ہے۔
۔
پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے فلائیٹ آپریشن میں بہتری، 40 پروازیں منسوخ
۔
کراچی(سی ایم لنکس)پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے فلائٹ آپریشن میں بہتری آنے لگی ہے، آج ملک بھر سے مشرق وسطیٰ کی 40 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔العین سے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے لیے 10 پروازوں کی آمد متوقع ہے، دوحہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں بھی شیڈول کے مطابق ہیں۔کراچی سے دوحہ، بحرین، ابوظبی اور دبئی کی 13 پروازیں منسوخ کئی گئیں، لاہور کی 8، اسلام آباد کی 7، پشاور کی 10 اور ملتان ایئرپورٹ سے مشرق وسطیٰ کی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
