کویت اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں خدمات انجام دینے والے میڈیکل فیلڈ کے درجنوں افراد فلائٹس کی عدم دستیابی پر مشکلات کا شکار، وزیراعظم ودیگر متعلقہ حکام سے داد رسی کی اپیل
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) کویت میں خدمات انجام دینے والے چترال اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے درجنوں میڈیکل فیلڈ کے افراد فلائٹس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ بروقت ڈیوٹی پر واپس نہ پہنچنے کی صورت میں انہیں ملازمتوں سے محرومی کا خدشہ لاحق ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو سالانہ چھٹی ملی تھی جو اب ختم ہو چکی ہے، تاہم فلائٹس نہ ملنے کے باعث وہ کویت واپس نہیں جا پا رہے۔ اس دوران انہیں کویت سے مسلسل ہدایات موصول ہو رہی ہیں کہ فوری طور پر اپنی ڈیوٹی جوائن کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
متاثرہ افراد میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر میڈیکل اسٹاف شامل ہیں، جو کویت کے مختلف ہسپتالوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان افراد نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی فلائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ بروقت اپنی ملازمتوں پر واپس جا سکیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف ان کی ملازمتیں خطرے میں پڑ جائیں گی بلکہ کویت کے ہسپتالوں میں بھی طبی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم اور ایئرلائنز حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد از جلد حل نکالا جائے۔
دریں اثنا ملک بھر کے ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق آج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے لیے دو طرفہ مجموعی طور پر 92 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بحرین، ایران اور عراق سمیت دیگر ممالک کے لیے 20 پروازیں منسوخ ہوئیں۔اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، بحرین، کویت اور مسقط کی 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
لاہور ایئرپورٹ سے کویت، دوحہ، بحرین اور ابو ظہبی کی 18 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی اور ابو ظہبی کی 16 پروازیں منسوخ کی گئیں۔مزید برآں ملتان ایئرپورٹ سے 4 اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، ریاض اور بحرین کی 6 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر آج بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق گزشتہ 19 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 2092 تک پہنچ گئی ہے۔
