لوئر چترال میں بہارشجرکاری مہم جاری، مختلف اداروں میں پودے تقسیم، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
.
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلع لوئر چترال میں موسمِ بہار کے موقع پر شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ یہ مہم صوبائی حکومت کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے اشتراک سے جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کے دوران سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور اہم شاہراہوں کے اطراف بڑے پیمانے پر پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ علاقے کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ شہریوں میں شجرکاری کے رجحان کو بڑھانے کے لیے مختلف مقامات پر مفت پودوں کی تقسیم بھی جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پیر کے دن محکمہ فارسٹ کی جانب سے محکمہ ہیلتھ ، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے ذمہ داروں میں پودے تقسیم کیئے گئے جو اپنے مختلف دفاتر اور احاطے میں شجر کاری کریں گے اور ماحولیاتی تحفظ میں بھرپور حصہ لیں گے۔
ڈپٹی کمشنرلوئیر چترال راو ہاشم عظیم نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر سرسبز اور صاف ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔

