خیبرپختونخوا میں تعلیمی اداروں کیلئے جمعہ اور ہفتہ تعطیل کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں توانائی کے بہتر استعمال ، ایندھن بچاؤ اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے اگلے دو ماہ تک جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت صوبے کے تمام پبلک اور پرائیویٹ اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رہیں گی۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ عارضی طور پر دو ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگا، جس کا اطلاق صوبے کے تمام تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور تعلیمی اداروں کے اوقات کار کو مؤثر انداز میں منظم کرنا ہے، جبکہ آئندہ صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 9 مارچ 2026 کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ باقی ماندہ تدریسی ایام میں جہاں ممکن ہو ہائبرڈ یا آن لائن تدریسی نظام اپنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں اور ایندھن کے استعمال میں بھی کمی لائی جا سکے۔حکام کے مطابق یہ اقدام خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ انتظامات ابتدائی طور پر دو ماہ تک یا مزید احکامات جاری ہونے تک نافذ العمل رہیں گے۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن کی نقول صوبے کی جامعات کے وائس چانسلرز، متعلقہ محکموں اور دیگر اداروں کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔

