ایران میں سیاہ تیزابی بارش، خطے میں ماحولیاتی خطرات بڑھنے لگے، پاکستان میں کتنا خطرہ ہے؟
اسلام ا ٓباد (نمائندہ چترال ٹائمز)محکمہء موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں تیل کے ذخائر پر اسرائیل اور امریکا کی جانب سے مبینہ شدید بمباری کے نتیجے میں ایران کو سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم پاکستان میں فی الحال اس کے براہِ راست اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔محکمہء موسمیات کے مطابق تہران اور اس کے گرد و نواح میں رپورٹ ہونے والی بلیک ایسڈ رین (سیاہ تیزابی بارش) اس ماحولیاتی آلودگی کی ایک ممکنہ علامت ہو سکتی ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ ایران سے موسمیاتی ڈیٹا اس وقت مکمل طور پر موصول نہیں ہو رہا کیونکہ جنگ کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، تاہم صورتِ حال کو سیٹلائٹ ڈیٹا کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔محکمہء موسمیات کے مطابق تہران جغرافیائی طور پر پاکستان کے شمال مغرب میں واقع ہے، اس لیے اگر آلودگی کے اثرات پھیلتے بھی ہیں تو ان کا رخ زیادہ تر افغانستان کی جانب ہو سکتا ہے۔
مزید بتایا کہ ایران کا جنوبی علاقہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کے قریب واقع ہے، تاہم تہران میں پیدا ہونے والی آلودگی کا پھیلاؤ فی الحال وسیع علاقے تک نہیں دیکھا جا رہا۔تیل کے ذخائر میں آگ لگنے سے کاربن کے اخراج میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے بالائی فضائی سطح پر درجہء حرارت بڑھنے کا خدشہ ہے، درجہء حرارت میں اضافے کے باعث فضا میں نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت بھی بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں ملحقہ علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے نظام پر اثرات پڑنے کا امکان ہے۔محکمہء موسمیات کا کہنا ہے کہ ایران سے مغربی ہواؤں کے ساتھ آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی حصوں تک آسکتے ہیں، ان آلودہ ذرات اور گیسز کے باعث مغربی علاقوں میں فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں 9 تا 12 مارچ ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، آج شام سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں 9 تا 12 مارچ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار میں بھی 9 تا 11 مارچ بادل برسنے کا امکان ہے، بارشوں سے بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کمی متوقع ہے، کے پی اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، سیاح محتاط رہیں۔
۔
ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں فوری طور پر اپنا اندراج کرالیں، سفیر مدثر ٹیپو
۔
تہران (سی ایم لنکس)ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ایران میں موجود پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ سفارتخانے میں فوری طور پر اپنا اندراج کرالیں۔پیر کو سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہاں جاری مسائل کی وجہ سے بسیں تلاش کرنا بہت مشکل ہوتا جا رہا ہے، اس کے علاوہ بھی کئی دیگر عوامل درپیش ہیں لہٰذا ہمارے وہ شہری جو پاکستان واپس جانا چاہتے ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ ہمارے تعاون سے فوری طور پر سفارت خانے میں اپنا اندراج کروا لیں تاکہ ہم ان کی روانگی کا انتظام مزید کسی تاخیر کے بغیر کر سکیں۔انہوں نے خصوصاً قم میں موجود اپنے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی فوری وطن واپسی کے لیے ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
