صوبے میں 1007ڈبل شفٹ سکول مکمل طور پر فعال ہیں۔ مزید 158سکولوں کو ڈبل شفٹ پر منتقل کیا جائے گا جس میں 114بچیوں کے سکول شامل ہیں۔ صوبائی وزیرتعلیم
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم ارشدایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے تحت طلبہ کوتعلیمی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کا عوام دوست اقدام ہے اور سکولوں میں بچوں کو سیکنڈ ٹائم میں تعلیم دینے کے پروگرام کا مقصدتعلیمی انفراسٹرکچر کے استعمال کو بہتر بنانا اور سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری ابتدائی وثانوء تعلیم محمد خالد،سپشل سیکرٹری مسعود احمد، چیف پلائنگ آفیسر ذین اللہ، ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نغمانہ سردار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر کو ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ اس پروگرام کو جاری رکھنے اور مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ مختلف غیر سرکاری تنظیمیں تعاون کر رہی ہیں جبکہ صوبے میں اس وقت 1007ڈبل شفٹ سکول مکمل طور پر فعال ہیں۔ اسی طرح مزید 158سکولوں کو ڈبل شفٹ پر منتقل کیا جائے گا اور اس میں 114بچیوں کے سکول شامل ہیں۔اسی طرح 100سکولوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جس میں پرائمری، مڈل اور ہائی اور سکول شامل ہیں جنھیں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت کا ڈبل شفٹ سکول پروگرام اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس پروگرام کے تحت صوبے میں سکول سے باہرکے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بچیوں کو تعلیم کے حصول کے لیے کافی مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس سے ان کی تعلیم متاثر اور ادھوری رہ جاتی تھی لیکن اب اس سیکنڈ ٹائم پروگرام کے ذریعے ان دور افتادہ علاقوں میں بچیاں اپنے قریب گاؤں میں تعلیم حاصل کررہی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل شفٹ سکول پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے اور جہاں پر بھی ضرورت ہو ئی تو اس ضمن میں حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی

