افغان بارڈر کشیدگی؛ دروش میں ریلیف کیمپس مکمل فعال، انتظامیہ کی طرف سے افطاری وسحری اور فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد،
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) افغان بارڈر پر کشیدگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ لوئر چترال مکمل طور پر متحرک ہے۔ ارندو اور ملحقہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی بحفاظت منتقلی، عارضی رہائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے دروش کے آر پی ڈی سی (رائٹ کالج) شاہنگار میں متاثرینِ ارندو کے لیے باقاعدہ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر فعال ہے۔ کیمپ میں رہائش، معیاری خوراک، پینے کا صاف پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات منظم انداز میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق کیمپ میں خواتین اور مرد حضرات کے لیے علیحدہ علیحدہ پورشن مختص کیے گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی بھی تعینات ہے تاکہ پردے، عزتِ نفس اور تحفظ کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ بعض زخمی خواتین کو ان کے سربراہان کی نگرانی میں الگ فیملی یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے گئے ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ماہِ مبارک رمضان کے پیشِ نظر افطاری و سحری کے باقاعدہ انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ خصوصی افطار دسترخوان بھی سجایا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ اور تحصیل چیئرمین دروش نے متاثرین کے ہمراہ افطاری میں شرکت کی، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دروش میں کسی اسکول یا عوامی مقام پر غیر منظم یا ہنگامی نوعیت کی صورتحال موجود نہیں۔ دو مقامات پر باقاعدہ ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کے لیے منظم اور باوقار انتظامات کیے گئے ہیں۔ خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروریات باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بھی مسلسل رابطہ قائم ہے اور ضروری معاونت کے لیے باضابطہ مراسلت کی جا چکی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی اور بحالی اولین ترجیح ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ اور گمراہ کن خبروں پر توجہ نہ دیں اور معلومات کے لیے صرف ضلعی انتظامیہ کے مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔ ساتھ ہی دروش کے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ارندو کے متاثرین کے ساتھ تعاون کریں اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کریں۔
دریں اثنا ضلع انتظامیہ’لوئر چترال کی زیرِ نگرانی دروش رائٹ کالج میں محکمہ صحت کی جانب سے متاثرینِ ارندو کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دروش، بلال ناصر , تحصیلدار دروش , ایم ایس ٹی ایچ کیو اور تحصیل چیئرمین دروش بھی موجود تھے۔
میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جبکہ ضرورت مند افراد میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ متاثرین کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


