لوئر چترال میں صحت عامہ کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت، پہلی مرتبہ ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں ڈائلائسز یونٹ کا افتتاح
دروش(نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی کاوشوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں پہلی مرتبہ نئے ڈائلائسز یونٹ اور جدید آر او پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی راؤ ہاشم عظیم، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال تھے۔
اس یونٹ کا قیام ضلعی انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی، مسلسل کاوشوں اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں عمل میں لایا گیا، جو عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عملی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ جدید آر او پلانٹ کی تنصیب سے ڈائلائسز کے مریضوں کو معیاری اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
افتتاحی تقریب میں لفٹیننٹ کرنل حسن بن عباس، ڈاکٹر سعید، نصیر عباسی، اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر، اے اے سی دروش خلیل اللہ، قاری جمال عبدالناصر، ڈی ایچ او لوئر چترال ڈاکٹر شمیم، تحصیل چیئرمین، عوامی نمائندگان اور عمائدینِ علاقہ نے شرکت کی۔
مقررین نے اس اقدام کو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے مخیر حضرات اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس یونٹ کے قیام سے گردوں کے مریضوں کو مقامی سطح پر معیاری اور بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی، دور دراز شہروں کا سفر کرنے کی زحمت سے نجات ملے گی اور علاج کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
شرکاء نے اس منصوبے کو علاقے میں طبی سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے میں ایسے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔


