چترال میں ٹمبر مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ، 11 افراد کی گرفتاری کا حکم
۔
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز )چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، شہاب علی شاہ، نے چترال میں ٹمبر مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے جنگلات کی مبینہ غیر قانونی کٹائی میں ملوث 11 افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام طویل عرصے سے جاری بے لگام سرگرمیوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ چترال(آرندو) میں غیر قانونی ٹمبر آپریشن کے پیچھے کارفرما اہم افراد کو گرفتار کریں۔ ان افراد پر ضلع کے جنگلات کو شدید نقصان پہنچانے اور ماحولیاتی توازن کو متاثر کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (MPO) آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر (DFO) کو ملزمان کے خلاف جامع رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد گرفتاری کے باضابطہ احکامات جاری کیے جائیں گے۔
بزنس ریکارڈر میں شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ
دستاویزات کے مطابق، ملزمان کے قبضے میں لکڑی کی بڑی مقدار پائی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق:
فضل ملک کے پاس 2,000 اسکینٹس (8,000 کیوبک فٹ)، 330 لاگز (6,599.57 کیوبک فٹ) اور 560 درخت (52,338 کیوبک فٹ) موجود تھے، مجموعی طور پر 66,937.57 کیوبک فٹ لکڑی۔
حضرت امین کے پاس 10,800 اسکینٹس (38,177.46 کیوبک فٹ)، 2,144 لاگز (60,949.06 کیوبک فٹ) اور 3,139 درخت (359,315 کیوبک فٹ)، مجموعی طور پر 458,441.52 کیوبک فٹ لکڑی۔
راب نواز کے پاس 3,800 اسکینٹس (15,200 کیوبک فٹ)، 645 لاگز (8,280.53 کیوبک فٹ) اور 619 درخت (77,011 کیوبک فٹ)، کل 100,491.53 کیوبک فٹ۔
سراج احمد کے پاس 14,700 اسکینٹس (49,755.52 کیوبک فٹ)، 1,031 لاگز (41,609.76 کیوبک فٹ) اور 392 درخت (69,313 کیوبک فٹ)، کل 160,678.28 کیوبک فٹ۔
بخت نذر کے پاس 15,262 اسکینٹس (51,607.87 کیوبک فٹ)، 3,735 لاگز (81,353.25 کیوبک فٹ) اور 418 درخت (35,042 کیوبک فٹ)، کل 168,003.12 کیوبک فٹ۔
جمشید خان کے پاس 2,000 اسکینٹس (8,000 کیوبک فٹ)، 144 لاگز (3,183 کیوبک فٹ) اور 131 درخت (27,819 کیوبک فٹ)، کل 39,002 کیوبک فٹ۔
حکیم خان کے پاس 1,722 اسکینٹس (6,452.22 کیوبک فٹ)، 597 لاگز (9,926.54 کیوبک فٹ) اور 191 درخت (23,853 کیوبک فٹ)، کل 40,231.76 کیوبک فٹ۔
خالد پرویز کے پاس 16,500 اسکینٹس (65,144 کیوبک فٹ)، 1,187 لاگز (21,732.31 کیوبک فٹ) اور 588 درخت (112,930 کیوبک فٹ)، کل 199,806.31 کیوبک فٹ۔
علی محمد خان کے پاس 2,161 لاگز (35,320.27 کیوبک فٹ) اور 883 درخت (82,070 کیوبک فٹ)، کل 117,390.27 کیوبک فٹ لکڑی پائی گئی۔
حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزمان کو نیب کے حوالے کیا جا سکتا ہے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں اور غیر قانونی تجارت کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض ملزمان کے مبینہ سیاسی روابط ہیں، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کی عملداری میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ بعض حلقوں کی جانب سے پی ٹی آئی سے وابستگی کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں، تاہم اس حوالے سے باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی چترال کے جنگلات کو بچانے اور غیر قانونی ٹمبر مافیا کے خاتمے کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگی۔
اس حوالے سے جب مبینہ ملزمان سے رابطہ کیا گیا تو ان میں سے بعض کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ ایک جھوٹا اور من گھڑت کہانی ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ جس کو ہم متعلقہ فورم میں بے نقاب کریں گے۔

