ڈسٹرکٹ کورٹ اپر چترال میں مال خانہ، سمن و وارنٹ سیل اور اے ڈی آر سنٹر کا افتتاح
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پشاور ہائی کورٹ، پشاور کی ہدایات کی روشنی میں آج ضلع عدلیہ اپر چترال کی جانب سے ڈسٹرکٹ کورٹ اپر چترال کے احاطہ میں ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالوہاب قریشی نے کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ مال خانہ، سمن و وارنٹ سیل اور اے ڈی آر (Alternative Dispute Resolution) سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، معزز وکلاء کرام، بار ایسوسی ایشن کے اراکین اور عدالتی عملہ نے شرکت کی۔
یہ اقدام عدالتی نظام کی بہتری اور سائلین کو بروقت و مؤثر انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ افتتاح شدہ سہولیات نہ صرف عدالتی کارروائیوں کو مزید شفاف اور منظم بنائیں گی بلکہ عوام کو سہولت اور انصاف تک بہتر رسائی بھی فراہم کریں گی۔

