8 فروری کو لوئر چترال میں ٹرانسپورٹ اور بازار معمول کے مطابق کھلے رہیں گے
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈرائیور یونین لوئر چترال اور تجار یونین چترال بازار نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری کو ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ سروس اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور کسی قسم کی پہیہ جام ہڑتال یا دکانیں بند رکھنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ڈرائیور یونین لوئر چترال کے صدر صابر احمد صابر نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈرائیور یونین ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کو سفری سہولت فراہم کرنا اور ڈرائیور برادری کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یونین تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتی ہے، تاہم کسی بھی سیاسی جماعت یا سرگرمی کے لیے ہڑتال کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر ڈرائیور اپنی گاڑی چلانے یا نہ چلانے میں مکمل طور پر آزاد ہے اور یونین کی جانب سے کسی پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا۔
صدر ڈرائیور یونین نے مزید کہا کہ یونین صرف اسی صورت میں اجتماعی فیصلہ کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے جب ڈرائیور برادری کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے۔ اگر خدانخواستہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے زبردستی یا ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو یونین قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مناسب کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
دوسری جانب تجار یونین چترال بازار کے صدر چارویلو نور احمد خاں نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو چترال بازار معمول کے مطابق کھلا رہے گا اور تمام کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تجار یونین بھی ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جو تاجروں کے باہمی تعاون، کاروباری مفادات کے تحفظ اور شہر کے پُرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
صدر تجار یونین نے واضح کیا کہ ہر تاجر کو اپنی دکان کھولنے یا بند رکھنے کا مکمل اختیار حاصل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دباؤ یا زبردستی قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین صرف اسی صورت میں اجتماعی فیصلہ کرے گی جب تجار برادری کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کی جائے۔ کسی بھی جانب سے زبردستی دکانیں بند کروانے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈرائیور یونین اور تجار یونین دونوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صبر و تحمل، برداشت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کے پُرامن ماحول، کاروباری نظام اور معمولاتِ زندگی کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

