یومِ یکجہتی کشمیرکے موقع پر چترال میں ریلی اور کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ملک بھر کی طرح ضلع لوئر چترال میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جس کا مقصد کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر کی زیرِ نگرانی اے سی آفس دروش میں ایک تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا اور ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، محکمہ پولیس، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما، علاقہ عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے میں مؤثر کردار ادا کرے۔
