ڈپٹی کمشنر اپرچترال اور وائس چانسلر جامعہ چترال کی ملاقات، بونی میں یونیورسٹی کی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق، سب کیمپس کی قیام کے حوالےسے اہم پیش رفت
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں علم و آگہی کے نئے چراغ روشن کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے آج ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں بونی میں یونیورسٹی آف چترال کے سب کیمپس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس اہم ملاقات میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، فنانس آفیسر اپر چترال کے علاوہ یونیورسٹی آف چترال کے فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس نہایت خوشگوار، مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا، جس دوران اپر چترال میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، مقامی طلبہ کو سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی مواقع میں اضافے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپر چترال میں یونیورسٹی آف چترال کا کیمپس قائم ہونا علاقے کے علم کے متلاشی نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس کے قیام سے طلبہ و طالبات کو اپنی دہلیز پر معیاری اور اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جس سے نہ صرف تعلیمی معیار بلند ہوگا بلکہ علاقے کا مجموعی تعلیمی افق بھی مزید روشن ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے اس اقدام کو اپر چترال کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کا قیام دراصل ایک روشن، خود کفیل اور باخبر معاشرے کی ضمانت ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ یونیورسٹی آف چترال کے بونی میں کیمپس کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اپر چترال میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے باہمی اشتراک سے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو تعلیم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

