شندور پاس روڈ سے برف ہٹانے کا کام جاری، اے۔اے۔سی مستوج کام کی نگرانی کررہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اپرچترال
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی زیرِ نگرانی شندور روڈ کی سنو کلیئرنس کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ اس اہم شاہراہ کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی موقع پر موجود رہتے ہوئے محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ہمراہ شندور روڈ کی کلیئرنس کے عمل کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں شندور روڈ کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس پر شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے سڑک کو جلد بحال کرنے کے لیے محکمہ این ایچ اے کو ہنگامی بنیادوں پر کلیئرنس کے احکامات جاری کیے۔
این ایچ اے کی مشینری اور عملہ بھرپور انداز میں مصروفِ عمل ہے اور ملبہ ہٹانے کے ساتھ ساتھ سڑک کو محفوظ بنانے کا کام بھی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شندور روڈ کی بحالی سے نہ صرف مقامی آبادی کو سہولت میسر آئے گی بلکہ سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔
ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کلیئرنس کے دوران تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کام بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔

