این ڈی ایم اے کا چترال سمیت خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز)این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔اگلے 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفبای متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوامیں چترال، دیر، سوات،کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ،مہمند، بونیر، ہری پور،ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی کرک،بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، استور، غزر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں بھی برف باری کا امکان ہے۔آزاد کشمیر میں باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبراور نیلم میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں تک پیشگی آگاہی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی اور راہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔
۔
۔
این ایچ اے کی این 50کچلاک سے مسلم باغ سیکشن پر متوقع برف باری سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل
اسلام آباد(سی ایم لنکس)نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے بلوچستان نارتھ (N-50) کچلاک سے مسلم باغ سیکشن پر متوقع برف باری سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں۔ 6 سائٹ کیمپس پر مشینری اور عملہ ہائی الرٹ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔این ایچ اے حکام کے مطابق این ایچ اے کوئٹہ یونٹ (N-25)،شیلا باغ اور کھوجک ٹاپ پر برف باری کا آغاز ہوگیا ہے۔ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے این ایچ اے کا عملہ اور مشینری اسٹینڈ بائی موڈ پر موجودہے۔ چترال گرم چشمہ روڈ (N-145)پر بھاری برف باری اور برفانی تودوں کی صفائی کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

