لوئر چترال: شدید برفباری کے بعد ریسکیو اور سنو کلیئرنس آپریشن جاری، مختلف ویلیز کی سڑکیں کھول دی گئیں، گرم چشمہ اور گولین ویلی روڈ پر کام جاری
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال میں حالیہ شدید برفباری کے بعد ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور سنو کلیئرنس آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے سنو کلیئرنس اور ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سنو کلیئرنس اور بحالی کا عمل تیز رفتار اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ریسکیو و بحالی کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
حالیہ برفباری کے بعد محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی مشینری لواری اپروچ روڈ اور گرم چشمہ لنک روڈ پر سنو کلیئرنس آپریشن میں مصروف عمل ہے تاکہ اہم شاہراہوں پر آمدورفت بحال رکھی جا سکے۔
اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ نے بیوڑی لنک روڈ کا دورہ کیا، جہاں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی زیر نگرانی سنو کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ موژدہ تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی مشینری مڈک لشٹ اور شیشی کوہ لنک روڈ پر بھی کام کر رہی ہے، جہاں کوٹھک تک سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایات پر بریر روڈ پر بھی برف ہٹانے کا عمل مکمل کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ارسون لنک روڈ پر بھی محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی مشینری سنو کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہے تاکہ عوامی سہولت اور آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق گرم چشمہ روڈ پر کافی حدتک کام مکمل ہوچکا ہے اور شغور تک جذوی طور پر روڈ کھول دیا گیاہے ، تاہم گرم چشمہ تک کلیئرنس کا کام کل تک مکمل ہوجائیگا، اسی طرح گولین ویلی روڈ پر بھی کام جاری ہے ، امید ہے کہ کل تک یہ بھی مکمل ہوجائیگا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر سنو چین کا لازمی استعمال کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



