اپر چترال: برفباری سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا عمل تیز، متعدد شاہراہیں جزوی و مکمل طور پر بحال، ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ
اپر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) شدید برفباری کے بعد اپر چترال کے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے والی سڑکوں کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی نگرانی میں کام جاری ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ٹی ایم ایز مشترکہ طور پر مین اور لنک روڈز کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے میں مصروف ہیں تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تورکہو، موڑکہو اور دیگر علاقوں میں برف ہٹانے اور سڑکوں کی مرمت کا عمل جاری ہے۔ بونی تورکہو روڈ کو بوزند پل تک ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مقامات پر مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے موڑکہو کا دورہ کر کے بحالی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کام میں تیزی لاتے ہوئے رابطہ سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر کھولا جائے۔ انتظامیہ کے مطابق چترال بونی روڈ بمقام کڑاک کو این ایچ اے کی نگرانی میں مکمل طور پر بحال کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
تورکہو موڑکہو روڈ پر جاری بحالی کاموں کی نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو تورکہو کررہے ہیں اسی طرح مین چترال مستوج روڈ کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی کر رہے ہیں، جبکہ منصوبہ بندی کے امور میں پلاننگ افسر شمشیر علی خان بھی شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم اور حالات کے مطابق دیگر متاثرہ سڑکوں کی بحالی بھی مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق بحالی کاموں کا مقصد عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔



