آنے والے دنوں میں چترال اور شمالی علاقوں سمیت ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں اضافہ متوقع ہے ، محکمہ موسمیات
اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 جنوری سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 19 جنوری تک برقرار رہے گا، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور یہ موسمی نظام 21 جنوری سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
پیشگوئی کے مطابق 16 جنوری کی شام یا رات سے 19 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر، آزاد کشمیر کے علاقوں وادیٔ نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ اور حویلی جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور بونیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران 18 سے 20 جنوری کے درمیان مری، گلیات اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش یا برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع جبکہ پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات، وادیٔ نیلم، باغ، حویلی اور راولاکوٹ میں شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح 21 اور 22 جنوری کو بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران شامل ہیں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔ 22 اور 23 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، کشمور، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد، میرپورخاص اور گھوٹکی میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 21 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران شدید برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادیٔ نیلم، باغ، پونچھ، حویلی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم بارش کے اس سلسلے کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی جبکہ دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
