ویمن قومی ٹیم کے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے چترال کی سائرہ جبین ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ میں ضلع چترال کے کالاش ویلی سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت بیٹر سائرہ جبین کو شامل کر لیا گیا ہے۔ سائرہ جبین کا تعلق وادیٔ کیلاش کے گاؤں رمبور سے ہے اور وہ اس خطے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
سائرہ جبین نے پاکستان کے مختلف ڈومیسٹک ویمن کرکٹ ٹورنامنٹس کے علاوہ آسٹریلیا کے پراماٹا کرکٹ کلب کی بھی نمائندگی کی ہے۔اردو نیوز کے ایک انٹرویو میں ان کے والد انجینیئر خان جو پیشہ کے لحاظ سے سکول ٹیچر ہیں نے بتایا تھا کہ رمبور جیسے پسماندہ علاقے میں کھیل کے مناسب میدان نہ ہونے کے باعث بچے دریا کے کنارے اور کھیتوں میں کرکٹ کھیلتے تھے۔ ان کے مطابق سائرہ کو بچپن ہی سے کرکٹ کا بے حد شوق تھا اور وہ اسکول سے واپسی پر لڑکوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلا کرتی تھیں۔
سائرہ جبین نے ابتدائی طور پر لڑکوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتیں نکھاریں، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے پشاور اور پھر لاہور منتقل ہوئیں، جہاں انہیں خواتین کرکٹ کلب میں باقاعدہ تربیت کا موقع ملا۔ وہ لاہور کی یونیورسٹی آف پنجاب سے بی ایس جرنلزم بھی مکمل کر چکی ہیں اور یونیورسٹی کی خواتین کرکٹ ٹیم کی نمایاں آل راؤنڈر رہ چکی ہیں۔
انجینیئر خان کے مطابق سائرہ نہ صرف ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں بلکہ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ سائرہ جبین مستقبل میں چترال اور وادیٔ کیلاش کے نوجوانوں، بالخصوص لڑکیوں کے لیے کھیل اور تعلیم کے فروغ میں کردار ادا کریں گی۔

