محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان کے مابین صوبے میں بنیادی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے معاہدے پر دستخط
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے پرائمری ہیلتھ کیئر ریفارمز پراجیکٹ اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان کے مابین صوبے میں بنیادی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے۔یہ معاہدہ سٹریٹجک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبہ بھر میں بنیادی مراکزِ صحت کو مستحکم کرنا، انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنا اور طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اس اشتراک کے ذریعے عوام کو معیاری طبی سہولیات تک بہتر اور مؤثر رسائی فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کے تحت گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان، پرائمری ہیلتھ کیئر ریفارمز پراجیکٹ کے منتخب کردہ مراکزِ صحت میں تربیت یافتہ طبی عملے کی تعیناتی اور خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کرے گا۔معاہدے پر دستخط کی تقریب ہیلتھ سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی، جہاں گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید عزیزُالرب اور پرائمری ہیلتھ کیئر ریفارمز پراجیکٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت خیبر پختونخوا میاں خلیق الرحمن اور سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا شاہد اللہ خان بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان کی سینئر مینجمنٹ اور محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیرِ صحت نے اس معاہدے کو صوبے میں بنیادی صحت کی خدمات کی بہتری اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

