اپرچترال؛ پاور یارخون بجلی گھر میں بجلی کی ترسیل کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر کے زیر صدارت اجلاس
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے پاور یارخون پاور ہاؤس میں بجلی کی ترسیل کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے پیڈو منصوبے کے پراجیکٹ منیجر، یارخون اور بریپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شریک اہالیان یارخون نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یارخون پاور ہاؤس آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون اور مقامی کمیونٹی کی شراکت سے تعمیر کیا گیا تھا، جس میں مقامی آبادی کا 49 فیصد حصہ شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاور ہاؤس کی دیکھ بھال اور انتظامی معاملات ایک کمیٹی کے زیرِ انتظام ہیں، مگر یہ کمیٹی بجلی گھر کی آمدنی، سالانہ آڈٹ رپورٹس اور مالی معاملات عوام کے سامنے پیش نہیں کرتی۔
مزید بتایا گیا کہ بجلی کو دوسرے علاقوں تک منتقل کرنے کے فیصلے بھی کمیونٹی کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جا رہے ہیں، جو شراکت داروں کے حقوق کے منافی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے تمام فریقین کے مؤقف کو توجہ سے سنا اور متعلقہ ذمہ داران سے تفصیلی جواب طلب کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور تمام مستحق علاقوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ حالات کا خود جائزہ لینے اور تمام تحفظات دور کرنے کے لیے جلد ہی موقع پر ایک اہم جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ مسئلے کا مستقل اور منصفانہ حل نکالا جا سکے۔

