ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی نگرانی میں افغان مہاجرین کی واپسی کا آغاز، ہیڈکوارٹر بونی سے تقریباً 50 افغان باشندوں کی پہلی کھیپ وطن روانہ
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات اور رہنمائی کے تحت افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی سرپرستی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ محمد انور کی نگرانی میں آج ہیڈکوارٹر بونی سے تقریباً 50 افغان مہاجرین پر مشتمل پہلی کھیپ کو احترام کے ساتھ افغانستان روانہ کیا گیا۔یہ افغان مہاجرین گزشتہ تقریبا چالیس برسوں سے اپرچترال کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے۔
روانگی کے موقع پر چیئرمین تحصیل کونسل مستوج سردار حکیم، پلاننگ آفیسر شمشیر علی خان، صدر پریس کلب اپر چترال، تجار یونین بونی کے صدر و جنرل سیکریٹری، مقامی میڈیا کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق افغان مہاجرین کو مکمل عزت اور تحفظ کے ساتھ وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واپسی کے اس عمل میں مہاجرین کے تمام سفری اخراجات سرکاری طور پر ادا کیے جا رہے ہیں، تاکہ ان کی واپسی سہولت اور احترام کے ساتھ ممکن ہو۔
افغان مہاجرین نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بونی سمیت دیگر مقامات پر قیام کے دوران انہیں عزت، احترام اور بہترین تعاون فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اپر چترال کے عوام کے حسنِ سلوک اور مہمان نوازی کو بھی سراہا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق افغان شہریوں کی واپسی کا یہ عمل شفاف، منظم اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق جاری رہے گا۔

