ایریگشن ڈویژن چترال کے دفتر میں ٹینڈرنگ کے عمل میں میبنہ بے قاعدگیوں کا انکشاف، آل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی پریس کانفرنس، وزیرآبپاشی اور ایکسین کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر اور لوئر چترال میں 17 مختلف منصوبوں کی ٹینڈرنگ پراسس کے تنازعے نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے، جہاں ایریگیشن ڈویژن چترال کے ایگزیکٹو انجینئر پر مبینہ بے قاعدگیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ آل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے وزیر آبپاشی اور ایگزیکٹو انجینئر چترال کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایریگیشن ڈویژن چترال کے دفتر کے احاطے میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن لوئر چترال کے صدر قاضی فیصل، اپر چترال کے سرپرست اعلیٰ عارف اللہ، جنرل سیکرٹری موسیٰ خان اور دیگر مقررین نے ٹینڈرنگ پراسس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو انجینئر نے مقامی ٹھیکہ داروں کو بہلا پھسلا کر ٹینڈر فارم واپس لینے پر مجبور کیا اور بعد ازاں غیر مقامی ٹھیکہ داروں کے لیے میدان ہموار کردیا، جن کا تعلق مبینہ طور پر وزیر آبپاشی کے حلقے سے ہے۔
مقررین نے الزام لگایا کہ مقامی ٹھیکہ داروں سے مقررہ وقت پر فارم واپس لینے کے بعد ایگزیکٹو انجینئر نے خود ہی مقررہ وقت گزرنے کے بعد ٹینڈر فارم ٹینڈر بکس میں ڈال دیے۔ ان کے مطابق، ایگزیکٹو انجینئر نے کھلے الفاظ میں کہا کہ وہ وزیر کے حلقے کے ٹھیکہ داروں کو نظرانداز کرکے منسٹر کی ناراضی مول نہیں لے سکتے۔
کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ پری بڈ میٹنگ کے دوران ایگزیکٹو انجینئر نے خود ٹھیکہ داروں پر زور دیا تھا کہ وہ غیر معمولی کم ریٹس پر ٹینڈر نہ جمع کریں تاکہ کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہوسکے، لیکن بعد میں اپنی بات سے منحرف ہوکر مخصوص ٹھیکہ داروں کی حمایت کرنے لگے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ ایک ہفتہ قبل ہونے والی ایک اور ٹینڈرنگ میں ایگزیکٹو انجینئر نے 24 فیصد بیلو ریٹ پر جمع کیے گئے مقامی ٹھیکہ داروں کے ٹینڈرز کو خود مسترد کیا۔
دوسری جانب، ایگزیکٹو انجینئر نے تمام الزامات یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر رولز کے مطابق کام کررہے ہیں اور وزیر کے حلقے سے تعلق رکھنے والے کسی ٹھیکہ دار کو نہیں جانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ KPPRA رولز پر سختی سے عملدرآمد کے پابند ہیں تاکہ قومی خزانے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔



