لوئر چترال کی ضروریات پوری کرنے کے بعد ہی اضافی لکڑی اپر چترال منتقل کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)فائر ووڈ کی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عبدالسلام کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جنہیں ضلع بھر میں فائر ووڈ کی دستیابی، نرخوں اور ترسیل کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوئر چترال کے عوامی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے گی، اور ضلع کی ضروریات پوری ہونے کے بعد ہی اضافی لکڑی اپر چترال منتقل کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام فائر ووڈ ڈپوؤں کے لیے سرکاری نرخ مقرر کر دیے گئے ہیں جو آج سے نافذالعمل ہوں گے۔ تمام ڈپو ان نرخوں پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے، جبکہ زائد نرخ وصول کرنے یا مقررہ معیار کے مطابق اسٹاک برقرار نہ رکھنے والے ڈپوؤں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور انہیں سیل کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں مزید طے پایا کہ تحصیل دروش سے لکڑی کی ترسیل کے لیے درست اور اپڈیٹڈ این او سی (NOC) لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بغیر این او سی کے کوئی بھی گاڑی لکڑی کی نقل و حمل نہیں کر سکے گی۔ غیرقانونی لکڑی کی سمگلنگ، غلط بیانی یا دیگر خلاف ورزیوں کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالسلام نے اس موقع پر کہا کہ فائر ووڈ جیسے اہم قدرتی وسیلے کا شفاف اور منصفانہ استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام محکمے قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ موسم سرما میں کسی کو ایندھن کی کمی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈپوؤں کی سخت نگرانی کی جائے اور بازاروں میں مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔

