زائینی موڑکھو میں دوبارہ پراسرار آتشزدگی، معذور بچی جھلس کر جان بحق، عوامی حلقوں کا تحقیقات کا مطالبہ
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) موڑکھو کے علاقہ زائینی میں ایک بار پھر پراسرار آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک معذور بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق گمبوری خان نامی شخص کے گھر میں گزشتہ دو ماہ سے وقفے وقفے سے پراسرار آگ لگنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
جمعرات کے روز شام تقریباً تین بجے کے قریب ایک بار پھر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے خیمے کو لپیٹ میں لے لیا۔ خیمے میں سوئی ہوئی معذور بچی جھلس کر موقع پر ہی جان بحق ہوگئی، جبکہ اہلِ خانہ صدمے کی کیفیت میں ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق، پے در پے پیش آنے والے ان پراسرار آتشزدگی کے واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ لوگوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مخیر حضرات سے فوری امداد اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی سنجیدہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں، تاکہ مسلسل پیش آنے والے ان پرُاسرار واقعات کی حقیقت سامنے آسکے اور عوامی خدشات دور ہوں۔

