خیبر پختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ تیار کر لیا گیا ہے اور بہت جلد کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ تیار کر لیا گیا ہے اور بہت جلد کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ صوبے کے تمام اُمور کو بتدریج ڈیجیٹائزیشن کی طرف لے جایا جا رہا ہے جس کا مقصد مالیاتی اُمور میں شفافیت، سہولت اور موثریت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے تحت عوام کی جانب سے حکومت، حکومت کی جانب سے عوام اور تاجروں کو کی جانے والی تمام ادائیگیاں شفاف اور ڈیجیٹل طریقے سے ممکن بنائی جائیں گی۔
پیر کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ڈیجیٹل خیبر پختونخوا کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کو معاشی طور پر خودکفیل اور جدید طرزِ حکمرانی کی مثال بنائیں گے۔ انہوںنے ڈیجیٹائزیشن پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر دو ہفتے بعد جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 170 مختلف سروسز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جنہیں ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا جبکہ 14 مختلف سروسز جن میں انتقالِ جائیداد ٹیکس، جائیداد ٹیکس، اسلحہ لائسنس، ابیانہ، ڈرائیونگ لائسنس، پلاٹ رجسٹریشن، ایچ ای سی داخلہ اور شکار لائسنس فیس وغیرہ شامل ہیں کی
ڈیجیٹائزیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ 170 میں سے مزید 34 سروسز کو دسمبر 2025 تک ڈیجیٹائز کیا جائے گا، جس سے تقریباً 12.3 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ اسی طرح جون 2026 تک تمام 170 سروسز کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کر لی جائے گی۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی امجد علی خان، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین ، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عاکف اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
،،،
۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دورہ
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز صوبائی دارالحکومت پشاور کے پشتخرہ اور تاتارا تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور حوالات میں قید ملزمان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ محمد سہیل آفریدی نے پشتخرہ تھانے میں قائم ڈِسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کا بھی معائنہ کیا اور ڈی آر سی کے فیصلوں پر موثر عمل درآمد اور انہیں قانونی حیثیت دینے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت۔ اس کے علاوہ محمد سہیل آفریدی نے پشتخرہ تھانے میں سولر سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں، بلٹ پروف گاڑی اور تھرمل کیمروں کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت تھانوں کی تمام ضروریات بروقت پوری کرے گی تاکہ عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دوروں کا مقصد ان مراکز کا بذات خود جائزہ لے کر انہیں بہتر بنانا ہے۔ تھانہ تاتارا کے دورے کے موقع پر وزیر اعلی نے شکایت کنندہ سے براہ راست رابطہ کر کے شکایت کی صورتحال بھی معلوم کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی خدمات کے مراکز میں شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم ان کی خدمت کے لیے اداروں میں بیٹھے ہیں اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں، عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔
