144 ونگ چترال سکاوٹس کے زیرِ اہتمام بروغل میں یوتھ پولو، فٹ بال اور رسہ کشی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) 144 ونگ چترال سکاوٹس کے زیرِ اہتمام نومبر کے پہلے ہفتے میں بروغل جنالی میں یوتھ پولو، فٹ بال چیمپئن شپ اور رسہ کشی مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا تھاجو آج پیر کے دن اختتام پذیرہوئے۔
فٹ بال ٹورنامنٹ میں علاقے کی 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ 144 ونگ چترال سکاوٹس فٹ بال ٹیم (A) اور بروغل فٹ بال ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں 144 ونگ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروغل ٹیم کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
پولو ٹورنامنٹ میں بروغل کی دو ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ میں چلمر آباد پولو ٹیم نے چکار پولو ٹیم کو شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسی طرح رسہ کشی کے مقابلے میں بروغل A ٹیم نے بروغل B ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی گاؤں کے سربراہ مراد اور پوسٹ کمانڈر کیپٹن صہیب تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔
آخر میں اہلِ علاقہ نے چترال سکاوٹس کی ان مثبت سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقے میں جوانوں کے حوصلے بلند کرنے اور صحت مند تفریح کے فروغ کا باعث ہیں۔انہوں نے پاک فوج اور چترال سکاوٹس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔


