لواری ٹنل اپروچ روڈ کا تعمیراتی کام مکمل، چار مہینے میں کام مکمل کرنے پر سب کا شکریہ؛ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نیاز احمد نیازی ایڈوکیٹ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لواری ٹنل اپروچ روْڈ کا تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے، جس کا افتتاح مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما نیاز احمد نیازی ایڈوکیٹ نے موقع پر جا کر کیا۔
افتتاحی تقریب میں تعمیراتی کمپنی کے نمائندے، ضلعی حکام اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے نیاز احمد نیازی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ منصوبے پر چار ماہ قبل کام شروع ہوا تھا اور یہ چھ ماہ کی ڈیڈ لائن سے دو ماہ قبل مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں کوالٹی ورک کیا گیا ہے جس پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، وزیراعظم انسپیکشن کمیشن اور نواب علی کنسٹرکشن کمپنی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
نیاز احمد نیازی نے اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار محمد سلطان، بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا، محمد ظاہر شاہ، قیصر رحمان، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) عبدالولی خان ایڈووکیٹ، ایم این اے غزالہ انجم اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خاص طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹیننس ملک امیر زیب خان اور ڈائریکٹر گوہر خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں سے یہ منصوبہ ممکن ہوا۔
نیاز احمد نیازی نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کی سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے آخر میں ممبر این ایچ اے نارتھ مجید خان، ڈپٹی کمشنر چترال راؤ ہاشم عظیم، پروجیکٹ منیجر حظیفیہ احمد اور تمام مزدوروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کر کے منصوبہ بروقت مکمل کیا۔

