عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا مستوج میں کھلی کچہری
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے حل اور آگاہی کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس سوات کی جانب سے تحصیل مستوج میں ایک پُرمغز کھلی کچہری و عوامی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ جناب محمد مشتاق خان جادون اور ریجنل ہیڈ ڈبلیو ایم ایس آر او سوات جناب ثناء اللہ خان نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حمید اللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی، ویلج کونسل چیئرمین حضرات، لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، عمائدینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی روابط کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ محمد مشتاق خان جادون نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی محتسب ادارہ 1983 سے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہا ہے۔ ملک بھر میں 600 سے زائد وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کے شفاف ازالے کے لیے ایک مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی شکایات ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ویلج کونسل سیکرٹری یا ٹی ایم او دفاتر کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ ان شکایات کو ایم آئی ایس سسٹم کے تحت ٹریک کیا جاتا ہے اور درخواست دہندگان کو ہر مرحلے پر پیش رفت سے آگاہ رکھا جاتا ہے۔
کھلی کچہری کے دوران عوام نے مختلف اہم مسائل پیش کیے، جن میں نادرا آفس میں خدمات کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت اور دوبارہ سروے کرانا، بیت المال آفس کا قیام اور فنڈز تک عوامی رسائی، ٹیلی کام نیٹ ورکس کی کارکردگی میں بہتری، 4G سروس کی فراہمی، پی ٹی سی ایل نیٹ ورک کے مسائل کا حل، این ایچ اے کے روڈ منصوبوں میں تاخیر کا خاتمہ، اور مستوج میں پاسپورٹ و پوسٹ آفس کے قیام جیسے مطالبات شامل تھے۔
عوامی نمائندوں اور عمائدینِ علاقہ نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عوامی آگاہی سیشنز عام شہریوں کے مسائل کو براہِ راست اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ریجنل ہیڈز نے اختتامی کلمات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کو تحریری طور پر ریکارڈ میں لا کر شفاف، مؤثر اور مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں سفارش یا رشوت کی کوئی گنجائش نہیں، بلکہ صرف عوامی خدمت اور انصاف کا بول بالا ہے۔

