خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری تقریب، باضابطہ طور پر وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ آمد، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے عملے نے نو منتخب وزیراعلی کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ محمد سہیل آفریدی نے باضابطہ طور پر وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا۔ وزیر اعلیٰ سے سیکرٹریٹ کے عملے کا تعارف کروایا گیا اور سیکرٹریٹ کے دفتری امور کے بارے مختصر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ ایک عوامی جگہ اور پورے صوبے کا چہرہ ہے، وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں آنے والے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتاو¿ کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیکرٹریٹ کے معمولات میں وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے۔
دریں اثنا نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی پی ٹی آئی کی خاتون کارکن صنم جاوید کے معاملے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید کو اپنے دفتر طلب کیا اور انہیں صنم جاوید کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ آج تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

