ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کا لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کا تفصیلی دورہ
ادارے میں رائج تدریسی معیار، ہم نصابی سرگرمیوں اور طلباء کی صلاحیتوں کو سراہا، تعلیمی ماحول بہتر بنانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے جمعرات کے روز لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل، اساتذہ اور طلباء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ طلباء نے خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران کلاس رومز، لائبریری، سائنس لیبارٹری اور کمپیوٹر لیب سمیت تدریسی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلباء کی تعلیمی کارکردگی اور اساتذہ کے پڑھانے کے انداز کو قریب سے دیکھا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج گزشتہ کئی دہائیوں سے چترال میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور اس ادارے کے فارغ التحصیل طلباء ملکی و بین الاقوامی سطح پر علاقے کا نام روشن کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے طلباء سے غیر رسمی گفتگو بھی کی اور انہیں سخت محنت، نظم و ضبط، اور مثبت رویے کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے، اور علم کے ساتھ اخلاقی اقدار کی پاسداری انہیں معاشرے کا بہترین فرد بنا سکتی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو صرف ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی زندگی میں اس کا اطلاق کریں تاکہ معاشرے کی خدمت کر سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اساتذہ معاشرے کے معمار ہیں جو نسلوں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ادارے کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ طلباء کی شخصیت کی تعمیر اور ذہنی نشوونما میں کھیلوں، مباحثوں اور دیگر سرگرمیوں کی اہمیت مسلم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چترال کے تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انتظامیہ بھرپور اقدامات کرے گی۔
دورے کے اختتام پر پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے نے طلباء اور اساتذہ کے حوصلے بلند کیے ہیں اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔


