چترال میں مواصلاتی نظام کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے پی ٹی اے کی ٹیم چترال پہنچ گئ، ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال کے زیر صدارت اجلاس، جمعرات کے دن اپرچترال کا دورہ کرینگے
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت لوئر چترال اور اپر چترال میں مواصلاتی نظام کی ناقص کارکردگی اور عوام کو درپیش مشکلات کی حل کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس پشاور کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر تمام متعلقہ ٹیلی کام سٹیک ہولڈرز، بشمول سیلولر موبائل آپریٹرز، فکسڈ لائن وائس پرووائیڈرز اور ڈیٹا سروس پرووائیڈرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کا مقصد دونوں اضلاع کے علاقوں میں کمزور نیٹ ورک سگنلز، انٹرنیٹ کی سست رفتار اور خاص طور پر ٹیلی نار سروسز سے متعلق عوامی شکایات کا تفصیلی جائزہ لینا اور ان کے مستقل حل کے لیے حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
اجلاس میں علاقے میں ٹیلی کام سروسز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیۓ گۓ۔اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں فوری طور پر جامع سروے شروع کیا جائے گا۔تا کہ نیٹ ورک کی کارکردگی میں موجود خامیوں کو سائنسی بنیادوں پر شناخت کیا جا سکے ۔
یہ سروے لوئر چترال سے شروع ہوگا اور بعد میں اس کا دائرہ اپر چترال تک بڑھایا جائے گا تاکہ دونوں اضلاع کے صارفین کے مسائل کا احاطہ کیا جاۓ۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ نیٹ ورکس کے نمائندوں کو واضح ہدایات کیں کہ وہ مسائل کی حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ نیٹ ورکس کے ذمہ داران فوری طور پر کام شروع کریں تاکہ صارفین کو کمزور نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کے مسائل سے مستقل چھٹکارا مل سکے۔
اجلاس کے اختتام پر، اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام کی ٹیلی کام ضروریات کو پورا کرنے اور ایک موثر، مربوط مواصلاتی نظام قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے.
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی ٹی اے کی ٹیم کل جمعرات کے روز اپر چترال کا دورہ کریگی اور جہاں جہاں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے ان کی نشاندہی کی جائیگی۔ ،
پی ایم ایل این چترال کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قومی اسمبلی کی رکن غزالہ انجم کے خصوصی فوکس کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ٹیم نے چترال میں مختلف موبائل ٹاورز کا دورہ کیا تاکہ طویل المدتی ٹیلی کام مسائل کو مؤثر اور شفاف انداز میں جانچا جا سکے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری چترال، ایڈووکیٹ محمد کوثر اور حفیظ اللہ، کوآرڈینیٹر ٹو پرائم منسٹر یوتھ پروگرام بھی موجود تھے، جنہوں نے مقامی کمیونٹی کو درپیش ٹیلی کام چیلنجز پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔
دورے کے دوران چترال کے دور دراز علاقوں میں موبائل سگنل اور انٹرنیٹ کی سروس میں مسلسل کمی اور معیار کی کمی جیسے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ یہ معائنہ ممکنہ طور پر موبائل فون سروسز کے معیار، نیٹ ورک کی مضبوطی، اور ریڈی ایشن کے معیارات کی جانچ پڑتال کے لیے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کی ٹیم چترال میں کل 4 دن قیام کرے گی اور اس دوران پورے ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گی تاکہ مقامی ٹیلی کام کے مسائل کا مکمل جائزہ لیا جا سکے اور فوری اصلاحات کے اقدامات کیے جا سکیں۔
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف اپرچترال کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں اس ٹیم کی چترال آمد کاکریڈٹ سینٹر فلک ناز کودیا گیا ہے۔


